مقبوضہ کشمیر ایک بار پھر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا

 
0
669

سرینگر دسمبر 3(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر ایک بار پھر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ٗ بھارتی فوج کے زیراہتمام کرکٹ میچ کے دوران کشمیری نو جوانوں نے پاکستانی ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کے زیر اہتمام ضلع بڈگام میں کشمیر پریمیر لیگ کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ٗ میچ کے دوران بھارتی پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران کو اس وقت شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور کھلاڑیوں نے پاکستان اور حریت رہنما ذاکر موسیٰ کے حق میں نعرے بازی کرنا شروع کردی۔کشمیر میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میچ کی اختتامی تقریب کے دوران اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور بھارت سے آزادی کے نعرے لگائے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب بھارتی فوج کی جانب سے منعقد کرکٹ میچ کے دوران بھارتی کھلاڑی مہندرا سنگھ دھونی کی آمد پر کشمیری نوجوانوں نے’’بوم بوم آفریدی‘‘ کے نعرے لگائے تھے۔