پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین اور پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت تمام کاغذات جمع کرا دئیے

 
0
290

اسلام آباد دسمبر 4(ٹی این ایس)الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین اور پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت تمام کاغذات جمع کرا دئیے ، جبکہ الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کی جمع کرائی گئی تفصیلات اعتراض لگا کر واپس کردیں،اب تک تین سیاسی جماعتوں نے درست کوائف الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین نے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت پارٹی کوائف جمع کروا دئیے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما عامر فدا پراچہ نے پارٹی کوائف جمع کرائے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین نے جمع کئے گئے دستاویزات میں 2000 سے زیادہ پارٹی کارکنوں کے نام، شناختی کارڈ کے ساتھ مکمل کوائف اور دو دو لاکھ روپے کی رقم بھی جمع کرا دی ہے۔

الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کی جانب سے جمع کرائے گئے کوائف کا جائزہ لے گا۔

الیکشن کمیشن نے اے این پی کی پارٹی تفصیلات پر اعتراض لگا کر واپس کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعتراض لگایا کہ اے این پی کی جانب سے دو ہزار پارٹی کارکنان کے جمع کرائے گئے شناختی کارڈ تصدیق شدہ نہیں۔ اے این پی کے علاوہ پندرہ مختلف سیاسی جماعتوں کے کوائف اعتراض لگا کر واپس کیے گئے ہیں۔اب تک تین سیاسی جماعتوں نے درست کوائف الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں دو لاکھ فیس اور دو ہزار پارٹی کارکنان کے تصدیق شدہ شناختی کارڈز کی تفصیلات جمع کرانے کی پابند ہیں۔