امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کو مسلم امہ پر حملہ سمجھتا ہے، فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، قومی اسمبلی  میں قرارداد

 
0
398

اسلام آباد،دسمبر 08  (ٹی این ایس):  قومی اسمبلی میں  امریکی صدر کے متنازعہ اعلان کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہےجس میں کہا گیا ہے کہ ایوان تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کو مسلم امہ پر حملہ سمجھتا ہے اور قومی اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ امریکی صدر کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ،قراردادوفاقی وزیر برجیس طاہر نے پیش کی ۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کی جانب سے تحریک التوا پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ایوان کی معمول کی کارروائی کو روک کر امریکی صدر کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے اعلان پر پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا جائے۔ تحریک التوا آنے کے بعدقومی اسمبلی کے اجلاس میں ٹرمپ کے متنازعہ اعلان پر بحث کی گئی جبکہ وفاقی وزیر برجیس طاہر نے اس حوالے سے مذمتی قرارداد پیش کی، اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکی ایکشن کے خلاف سفارتی اقدامات اٹھائے۔ اراکین قومی اسمبلی نے اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لی۔