مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں، 17 فلسطینی زخمی

 
0
812

غزہ ، دسمبر 08 (ٹی این ایس): امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں شروع ہو گئیں اور اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں سترہ افراد زخمی ہو گئے۔مغربی کنارے کے شہروں الخلیل اور البیرةمیں ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور شدید نعرے لگائے کہ بیت المقدس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہے۔

طبی عملے کا کہنا ہے کہ مظاہرے میں شامل ایک فلسطینی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ دیگر 14 افراد کو ربڑ کی گولیاں لگیں۔فوج کی ترجمان نے کہا کہ فوجیوں نے پتھراؤ کرنے والے سینکڑوں فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔غزہ کی پٹی میں درجنوں مظاہرین اسرائیل کے ساتھ سرحدی باڑ کے قریب جمع ہو گئے اور دوسری جانب فوجیوں پر پتھراؤ کیا۔دو مظاہرین زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔