کوئٹہ ،دسمبر09(ٹی این ایس): بلوچستان میں 300 سے زائد فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں،ہتھیار ڈالنے والوں میں 17 کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں فراریوں کے ہتھیار ڈالنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری، کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجرہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں مختلف کالعدم تنظیموں کے فراریوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ بلوچستان میں ہتھیارڈالنے والوں میں 17 کمانڈرز سمیت300سے زائد فراری شامل ہیں۔ فراری اعلیٰ حکام کے سامنے ہتھیار ڈال کرقومی دھارے میں شامل ہوگئے۔ واضح رہے پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب سے آپریشن ردالفساد کے دوران بلوچستان میں فراریوں کی جانب سے فورسز کے سامنے ہتھیار ڈالنے کاسلسلہ جاری ہے۔ سینکڑوں فراری ہتھیار ڈال کرقومی دھارے میں شامل ہوگئے ہیں۔جوکہ بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے خوش آئند اقدام ہے۔