شہباز شریف ،رانا ثنا اللہ نے شرافت سے سٹپ ڈاؤن نہ کیا توعوام کی طاقت سے اقتدار سے کک آؤٹ کر دینگے‘ طاہر القادری

 
0
329

لاہور دسمبر 10( ٹی این ایس)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کر کے انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ سے شرافت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ سٹپ ڈاؤن کر جائیں ۔ حکومت کیخلاف کسی وقت بھی سڑکوں کا نکلنے کا اعلان کر سکتے ہیں اور پھر انہیںآئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کی جمہوری طاقت سے اقتدار سے کک آؤٹ کر دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ نے چھپا سچ واضح کردیا ہے ۔حکمران سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اس لئے اپیل میں گئے کیونکہ اس رپورٹ میں انہیں قاتل لکھا ہوا تھا ۔ رپورٹ کے الفاظ خود بول پڑے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے مل کر اس کی سازش کی اور ریاستی ادارے پولیس کو بربریت کیلئے استعمال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمار ا واضح مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے پانامہ لیکس کی طرز پر اعلیٰ سطح کی آزاد اور خود مختار جے آئی ٹی بنائی جائے او رپھر شہداء کے ورثاء ، زخمی اور عوامی تحریک اس میں شریک ہو گی او رحکمرانوں کو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں لگے ہوئے بیرئیر زکو ہٹانے کیلئے نہیں بلکہ اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کی راہ میں لگے بیرئیر زہٹانے کیلئے خون کی ہولی کھیلی ۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ظلم ، بربریت ،چنگزیت اور یزیدیت کے خلاف آدھی جنگ جیتی ہے اور میدان میں ہیں ۔ عوامی مسلم لیگ اور شیخ رشید عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ کھڑی ہے ، ظلم بالآخر اپنے انجام کو پہنچتا ہے ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر مائنس نواز شریف تمام جماعتیں اکٹھی ہیں اور ڈاکٹر طاہر القادری ظلم کے خلاف کال دینے جارہے ہیں ۔بیشک ساری پارٹیاں اور لیڈر ڈاکٹر طاہر القادری کاساتھ چھوڑ دیں لیکن لیکن حکمران خدا کی پکڑ میں آ چکے ہیں۔ حکمران چاہے جو مرضی کرلیں انشا اللہ یہ 30مارچ سے پہلے کک آؤٹ ہونگے ۔ ان کے اہم کیسز شروع ہونے جارہے ہیں جس میںیہ نا اہل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قانون کے مطابق سرنڈر کرنے کو تیار نہیں کیونک لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں درجنوں نہیں سینکڑوں لوگ مستعفی ہوئے ہیں اور یہ بھی عزت کا مقام ہوتا ہے لیکن کسی کی بد نصیبی ہوتی ہے کہ اس نے ذلیل و رسوا ہو کر جانا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھاکہ سپریم کورٹ سے ثبوتوں کے ساتھ ان کا تابو ت نکلے گا۔ ظالموں، چوروں، ڈاکوؤں، خائن شریف خاندان کی سیاست پاکستان میں ہمیشہ ہمیشہ ختم ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپر پاور کو خوش کرنے کیلئے ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کی کوشش کی گئی اور آج نواز شریف خود باہر ہوگئے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت انہیں انجام تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔انہوں نے چوہدری نثار کے اپنے حوالے سے بیان پر کہا کہ شکر ہے چوہدری نثار کو بھی بولنے کا موقع ملا،میں ضیاء الحق کے جوتے چاٹ کر سیاست میں نہیں آیا ۔ آج ان سب کی زبانیں اس لئے شیخ رشید کے خلاف بول رہی ہیں کیونکہ میں حق کے ساتھ کھڑا ہوں۔

علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی ۔ ڈاکٹر طاہر القادری سے گفتگو کرتے جمشید دستی نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر صورت کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے ۔ جمشید دستی (آج )پیر کے روز لاہور میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات بھی کریں گے ۔