لاہور دسمبر 10(ٹی این ایس) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں کے رویے کی وجہ سے جمہوریت خطرات میں گھر چکی ہے ، حکمرانوں کے اعمال کی وجہ سے شام سے پہلے ہی رات چھا چکی ہے، ہم نے نوازشریف اور اسحق ڈار کو عدالتی فیصلہ آنے سے پہلے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا ،وہ اس پر عمل کر لیتے تو موجودہ خواری سے بچ جاتے ، اقتدار پر قابض ٹولے نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا غلام بنادیاہے ، جب تک اقتدار پر عالمی صیہونی مالیاتی اداروں کے ایجنٹ قابض رہیں گے ، ملکی معیشت اسی طرح زبوں حالی کا شکار اور عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رہیں گے ، قبلہ اول کے مسئلے پر عوام سڑکوں پر اور حکمران اپنے بنگلوں میں بیٹھے ہیں ، دشمن نے ہمارے وسائل پر قبضہ کے ساتھ ساتھ ہمارے حکمرانوں کو بھی اپنی مٹھی میں بند کررکھاہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے سرائے نورنگ لکی مروت میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بیت المقدس کی آزادی کی راہ میں امریکہ کے ساتھ عالم اسلام کے وہ بزدل حکمران بھی رکاوٹ ہیں جو واشنگٹن کو اپنا قبلہ سمجھتے ہیں اور امریکہ سے پوچھے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھاتے ۔ یہودی صرف مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر نہیں بلکہ مدینہ منورہ پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔بیت المقدس کے مسئلے پر مسلم ممالک کے عوام ایک طرف اور حکمران دوسری طرف کھڑے ہیں ۔ 17 دسمبر کو کراچی میں امریکی اعلان کے خلاف لاکھوں عوام احتجاج کریں گے ۔ یہ اجتماع عالم اسلام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا ۔ عوام حکمرانوں سے زبانی دعوے نہیں عملی اقدامات چاہتے ہیں ۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ امریکہ نے عالم اسلام پر نئی جنگ مسلط کر دی ہے جس سے نہ صرف مسلم دنیا بلکہ خود امریکہ اور مغرب بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا ۔ قبلہ اول کی آزادی ہمارے ایمان کا تقاضا ہے اور کوئی مسلمان بھی اس سے پیچھے نہیں رہ سکتا ۔
انہوں نے کہاکہ یہ معاشی یا اقتصادی نہیں نظریاتی جنگ ہے اور دنیا بھر کے یہودی اسے مذہبی جنگ سمجھتے ہوئے اس میں ہر طرح سے حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دشمن نے ہمارے وسائل پر ہی نہیں ،قیادت پر بھی قبضہ کر رکھاہے اور اسلامی ممالک میں الا ماشاء اللہ ہر جگہ دشمن کے آلہ کار بیٹھے ہیں جو محض زبانی دعوؤں سے اپنے عوام کو فریب دے رہے ہیں ۔ حکمران امریکہ اور عالمی سامراج کے حکم کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھاتے ۔ مسلم حکمران ڈرے اور دبے ہوئے ہیں ۔ قوم بزدل قیادت کے بل بوتے پر کوئی معرکہ سر نہیں کر سکتی ۔
انہوں نے کہاکہ اصل امتحان عوام کاہے کہ وہ کب اس بد دیانت کرپٹ اور امریکی آلہ کار وں کے ٹولے سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں چند سو خاندانوں کا سیاست اور معیشت پر قبضہ ہے یہ سیاسی پنڈت اور برہمن خود کو ملک کے سیاہ و سفید کا مالک سمجھتے ہیں اور اپنی ناجائز دولت کے بل بوتے پر سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا کر ایوانوں پر قابض ہو جاتے ہیں ۔ ان حکمرانوں کو عوام سے زیادہ امریکی ناراضی کا خوف رہتا ہے اوریہ ذہنی غلام امریکی سینئر ز کا تذکرہ بڑے احترام کے ساتھ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے ان ظالم جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کی سیکولر حکمران جماعتوں نے کبھی بھی عالم اسلام کے مسئلے کو اپنا مسئلہ نہیں سمجھا ۔ کشمیر ، فلسطین ، برما ہر جگہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے مگر عالم اسلام کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے شدید احتجاج اور دباؤ میں آکر اگر حکمران ایک آدھ بار زبان کھول بھی دیں تو عملی طور پر کچھ کرنے کو تیار نہیں ہوتے ۔