ٹین لیگ میں شرکت کے بعد کھلاڑیوں کی واپسی پر 21 دسمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں دو روزہ فٹنس کیمپ لگایا جائیگا

 
0
340

لاہور دسمبر 15(ٹی این ایس)ٹین لیگ میں شرکت کے بعد کھلاڑیوں کی واپسی پر 21 دسمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں دو روزہ فٹنس کیمپ لگایا جائے گا جس کے بعد دورہ نیوزی لینڈ کیلئے حتمی سکواڈ کااعلان کیا جائے گا ۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اسی لئے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل کھلاریوں کی فنٹس کا جائزہ لینے کے بعد حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق 10ممکنہ کھلاری ٹین لیگ میں شرکت کیلئے شارجہ میں ہیں ان کی واپسی کے بعد دو روزہ کیمپ میں فٹنس ٹیسٹ لئے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لئے نئے سال کے آغاز پرنیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کے لئے بورڈ نے پہلے قومی ٹیم کو20دسمبرکو کیویز کے دیس بھیجنے کا فیصلہ کیاتھا ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفرازاحمد اورکوچ مکی آرتھرکی مشاورت سے حتمی ٹیم کاانتخاب بھی کرلیا تھا لیکن عماد وسیم، شاداب خان، صہیب مقصود اوررومان رئیس کی مشکوک فٹنس کے پیش نظر دورے سے قبل تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کافیصلہ کیاگیا اور اسی وجہ سے ٹیم کے اعلان میں تاخیر ہوگئی ۔