مغلپورہ میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو دوستوں کو قتل کر دیا

 
0
376

لاہوردسمبر 16(ٹی این ایس)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ مغلپورہ میں نا معلوم افراد نے دو دوستوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ، پولیس اور فرانزک ماہرین نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کرلئے جس کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ بتایاگیا ہے کہ 35سالہ نعمان اور 22سالہ علی رضا آپس میں دوست تھے جو موٹر سائیکل پر واپس آرہے تھے کہ رام گڑھ موڑ کے قریب نا معلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری موقع پر پہنچ گئی جس نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین کو بھی طلب کر لیا ۔پولیس نے موقع سے تمام شواہد اکٹھے کر نے کے بعد لاشوں کوپوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔بتایا گیاہے کہ نعمان کو10جبکہ علی رضا کو 12گولیاں لگیں۔ مقتول نعمان کے بھائی نے بتایا کہ نعمان گھر سے دس منٹ تک واپس آنے کا کہہ کر نکلالیکن تھوڑی دیر بعد اس کے قتل کی اطلاع مل گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف راستوں اورجائے وقوعہ کے قریب سی سی ٹی وی کیمروں کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں جس کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا ۔قتل کے واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔