عمران خان اور نواز شریف کے مقدمے کا موازنہ کر نا حقیقت میں ممکن ہی نہیں ٗ میاں محمود الرشید

 
0
340

اسلام آباددسمبر 16(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے مقدمے کا موزانہ کرنا حقیقت میں ممکن ہی نہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کبھی بھی وزارتِ عظمی پر فائز نہیں رہے اور نہ کوئی سرکاری عہدہ سنبھالا لہذا ان پر اس طرح کی کرپشن کی بات کرنا نامناسب ہے جس کا ذکر پاناما کیس
میں شریف خاندان سے متعلق کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل جسٹس فیصل عرب نے فیصلے کے ساتھ ایک اضافی نوٹ تحریر کیا ہے جو دونوں مقدمات میں فرق سے متعلق ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس کیس میں ہماری فتح ہوئی ہے کیونکہ عمران خان نے از خود اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کیا تھا اور کئی سازشوں کے باوجود آج وہ واحد قومی رہنما کے طور پر سامنے آئے جنہیں عدالت نے صادق اور آمین قرار دیا۔جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق بات کرتے ہوئے محمود الرشید کا کہنا تھا کہ انہیں عدالت نے تکنیکی بنیادوں پر نااہل کیا ہے مگر ہم اپیل کا حق رکھتے ہیں، لہذا ہم اس کیلئے پھر عدالت جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ جب تک اس کیس کا تفصیلی فیصلہ نہیں آجاتا ٗاس وقت تک یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ آیا کس چیز کو بنیاد بنا کر جہانگیر ترین کو نااہل
قرار دیا گیا۔