بیروت میں خاتون برطانوی سفارت کار کا قتل

 
0
320

 

بیروت ،دسمبر18(ٹی این ایس): لبنان کے دارالحکومت بیروت سے برطانوی خاتون سفارت کار کی لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو گلا گھونٹ کرقتل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت سے 30 سالہ برطانوی خاتون سفارت کار ریبیکا ڈائکس کی لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق ریبیکا ڈائکس بیروت میں برطانوی سفارت خانے میں کام کرتی تھیں اور ان کی لاش موٹروے کے ساتھ پڑی ہوئی ملی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی خاتون سفارت کار کو قتل کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور جلد قاتلوں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔برطانوی خاتون ریبیکا ڈائکس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ریبیکا ڈائکس کے خاندان کے ترجمان کا کہنا ہے ان کے قتل پر ہم تباہ ہوگئے، محرکات کا سراغ لگانے کے لیے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب بیروت میں برطانوی سفارت کار ہیوگوشارٹرنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں کہا کہ ریبیکا ڈائکس کے قتل پرسارا سفارتی عملہ سوگ کی حالت میں ہے وہ ایک بہت اچھی خاتون تھیں۔خیال رہے کہ ریبیکا ڈائکس جنوری 2017 سے بیروت میں برطانوی سفارت خانے میں ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے لیے پروگرام اور پالیسی منیجر کے طور پر کام کررہیں تھی۔