ایرانی ساختہ بیلسٹک میزائل خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں ، عرب اتحاد

 
0
356

ریاض دسمبر 20(ٹی این ایس)یمن میں عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ایران ساختہ بیلسٹک میزائلوں سے خطے کو سنگین خطرہ لاحق ہے ۔اس لیے انھیں کنٹرول کیا جانا چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب کی شاہی فضائی افواج نے یمن سے دارالحکومت الریاض کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو مانیٹر کیا اور اس کو ناکارہ بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میزائل کا ہدف الریاض کے آبادی والے علاقے تھے ۔اس کو نہایت سرعت اور چابک دستی سے سراغ لگا کر ناکارہ بنا دیا گیا ہے اور اس کے پھٹنے سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی شیعہ ملیشیا سمیت دہشت گرد تنظیموں سے خطے اور بین الاقوامی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں اور ان کی جانب سے بار بار شہروں میں آبادی کو ہدف بنایا جانا عالمی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ یمن سے سعودی شہروں کو مسلسل بیلسٹک میزائلوں سے ہدف بنایا جانا ایران کی جانب سے حوثی ملیشیا کی مستقل حمایت کا واضح ثبوت ہے۔اور ایرانی میزائلوں کی تمام شکلوں اور طریقوں سے یمن میں اسمگلنگ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف خلاف ورزی ہے۔