اسلام آباد دسمبر 22(ٹی این ایس) وزیراعظم شاہد خاقان کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے خام پر عائد ڈیوٹی سمیت اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے دوران کپاس کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ، آٹو اسپیئر پارٹس اور ٹائر پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے سمیت درجنوں اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لیے جانے پر حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے درآمدات اور تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے اکتوبر میں 731 اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی گئی تھی تاہم حکام نے درجنوں اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لیے جانے کی سفارش کی۔اجلاس کے دوران کپاس کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی سمری پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ کپاس کی درآمد پر اس وقت مجموعی طور پر 9 فیصد ٹیکسز عائد ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے آٹو اسپیئر پارٹس اور ٹائر پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے کی تجویز پیش کی جبکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے خام مال پر عائد ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری پر غور بھی کیا گیا۔