اسلام آباد دسمبر 24(ٹی این ایس)کراچی میں 9 دسمبر کو قتل ہونے والی سکول پرنسپل کے قتل کے الزام میں اس ہی کے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ تحقیقاتی افسر سرفراز آریانہ کے مطابق سکول پرنسپل کے شوہر علی حسن نے واقعے کو ڈکیتی اور مزاحمت پر قتل ہونے کا رنگ دیا ۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے سولجر بازار میں رواں ماہ 9 دسمبر کو امبرین فاطمہ نامی اسکول پرنسپل کے قتل میں اس ہی کا شوہر ملوث ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مقتولہ کے شوہر علی حسن کو سکول ٹیچر سحر شمس اور اس کے بھائی بلال شمس کے ہمراہ گرفتار کرلیا گیا جبکہ تمام ملزمان کو علیحدہ علیحدہ تھانوں میں رکھا گیا ہے۔ سرفراز آریانہ نے انکشاف کیا کہ سکول ٹیچر سحر شمس مقتولہ کے شوہر کی دوسری بیوی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتداءمیں مقتولہ کے شوہر علی حسن نے واقعے کو ڈکیتی اور مزاحمت پر قتل کا رنگ دیا تھا تاہم پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ امبرین فاطمہ کو جان بوجھ کر قتل کیا گیا۔سرفراز آریانہ کے مطابق مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی جبکہ ملزم شوہر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اور اسی لیے دونوں میاں بیوی میں جھگڑا چل رہا تھا۔پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم نے فون کر کے اپنی دوسری بیوی سحر شمس کو اپنی پہلی بیوی کے قتل کی اطلاع دی جبکہ سحر شمس نے اپنے بھائی کو اس قتل کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو ان کے موبائل ڈیٹا کی مدد سے گرفتار کیا گیا تاہم پولیس ملزمان سے اس کیس میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔۔