بابائے قوم کا 142 واں یوم پیدائش ‘مزارپر گارڈتبدیلی کی پروقار تقریب

 
0
358

اسلام آباد ،دسمبر25(ٹی این ایس):بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 142 واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پرگارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاﺅں سے ہوا۔ جس میں ملک کی ترقی اور خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔قائد اعظم محمد علی جناح کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزار قائد پر منعقد ہونے والی تقریب میں پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل اختر نواز ستی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔اس سے قبل پاک فضائیہ کے کیڈٹس مزارپرگارڈکے فرائض انجام دے رہے تھے۔صدر ممنون حسین نے قائداعظم کے یوم ولادت پرپیغام میں کہا کہ مادروطن کی ترقی اورخوشحالی کے لیے کسی قربانی سے گریزنہ کیا جائے قائدکے افکارکی روشنی میں مستقبل کالائحہ عمل مرتب کرناہوگا۔

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کاپیغام میں کہنا ہے کہ ماضی کی کوتاہیوں سے سیکھ کرمنزل کے حصول کے لیے جدوجہدکرنی ہوگی۔قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آئی ایس پی آر نے قائداعظم کے یوم پیدائش پر نغمہ جاری کیا ہے۔