داعش کی حمایت اور مالی مدد کرنے پر سعودی شہری کو 20 برس قید

 
0
1872

جدہ،دسمبر25(ٹی این ایس): ذرائع کے مطابق سعودی عدالت نے دہشت گرد تنظیم داعش کی حمایت ، ملکی نظام کو نقصان پہنچانے والا ابلاغی مواد فراہم کرنے ، منحرف افکار پھیلانے والےانٹرنیٹ گروپ میں شمولیت اور دہشت گرد کو 5 لاکھ ریال دینے پر ایک سعودی شہری کو 20 برس قید کی سزا سنا دی۔ مقامی ذرائع سے ہی حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق دہشت گردی میں ملوث سعودی شہری دہشت گردوں سے رابطے استوار کئے ہوئے تھا۔

انہیں چھپنے چھپانے کی سہولت مہیا کرتا تھا ۔ متعدد افراد کو سعودی عرب سے شورش زدہ مقامات جانے میں تعاون فراہم کررہا تھا۔ سرکاری اداروں کی حراست سے نکالنے کیلئے مختلف تدابیر اختیار کررہاتھا۔ اقرار نامے پر رہائی حاصل کرکے دوبارہ فکری انحراف کا حصہ بن گیا تھا۔ عدالت نے اسے مجموعی طور پر 20 برس قید کی سزا سنائی۔ آئندہ اسے انٹرنیٹ سے منسلک ہونے پر پابندی لگا دی ہے اوراس کی موبائل سم بھی منسوخ کردی گئی ۔ اس کے علاوہ قید کی میعاد 20 برس مکمل کرنے کے بعد اتنی ہی مدت تک مملکت سے باہر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔