پیپلز پارٹی قائداعظم کے مساویانہ حقوق کے حامل پاکستان کے لیئے جدوجہد کررہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری 

 
0
328

کراچی ، دسمبر 25 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی قائداعظم کے ایسے پاکستان کے لیئے جدوجہد کررہی ہے جہاں ان کے ویژن کے مطابق تمام شہری مساوی حقوق رکھتے ہوں اور جہاں مذھب، ذات، عقیدی اور نسل کی بنیاد پر کسی قسم کا امتیاز نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس میں کرسمس کے موقعے پر کیک کاٹنے کی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی مراد علی شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سعید غنی، پی پی پی منارٹی ونگ کے صدر ڈاکٹر لالچند اکرانی اور اطلاعات سیکریٹری نوید انتھونی، کراچی کے آرچ ڈائیوسز بشپ جوزف کوٹس اور پاکستان چرچ کے وائیس چیئرمین ریورنڈ ریاض مسیح بھی اس موقعے پر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ 25 دسمبر پر خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں، کیونکہ قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 141ویں سالگرہ اور کرسمس آج ایک ہی دن منا رہی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ قائداعظم کے خوابوں کی تکمیل کے لیئے پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پییپلز پارٹی ملک کے تمام غیرمسلم شہریوں کو آئین کے مطابق برابر کا شہری تسلیم کرتی ہے اور ان کے خلاف کسی طرح کا امتیازی برتاو برداشت نہیں کرے گی۔ اس موقعے پر کوئیٹا چرچ پر حملے کے دوارن شہید ہونے والوں کے لیئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔