یومِ قائد پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہاتھوں فضائیہ کے نئے ائیر بیس، بھولاری کا افتتاح

 
0
672

کراچی،دسمبر 25 (ٹی این ایس): پاکستان ائیر فورس نے تاریخ ساز سنگ میل عبور کرتے ہوئے نئے ائیر بیس بھولاری کی افتتاحی تقریب منعقد کی۔ افتتاحی تقریب ، بابائے قوم قائد اعظم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے انہیں خراج تحسین بھی تھی۔عظیم قائد نے پاک فضائیہ کے اولین مقصد کی بنیاد رکھتے ہوئے پاک فضائیہ کے تمام ارکا ن کو ہدایت کی تھی کہ فضائی قوت کو ا یسا طاقتور بنائیں کہ جس کا کوئی ثانی نہ ہو۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ سندھ کے وزیرِ اعلی سید مراد علی شاہ نے بھی معزز مہمان کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔ استقبالیہ خطاب کے دوران بیس کمانڈر نے حاضرین کو بیس کے ابتدائی ڈھانچے اور بیس پر موجودمختلف سہولتوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا، بلاشبہ، پاکستان ائیر فورس بیس بھولاری، پاک فضائیہ کے زمینی اور سمندری حدود کی دفاعی حکمت عملی اوراستعداد کار میں اضافے کے سلسلے میں اہم پروجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس بیس کے قیام سے پاک فضائیہ اب بہتر طور پر زمینی آپریشنز میں پاک آرمی کا ساتھ دے سکتی ہے۔ مزید برآں، پاک بحریہ کے سمندری آپریشنز کے دوران پی اے ایف بیس بھولاری بلاواسطہ مدد فراہم کرسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی اے ایف بیس بھولاری کا قیام سی پیک منصوبے کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ مادر وطن کے فضائی دفاع کے ساتھ ساتھ ، پاکستان ائیر فورس بیس بھولاری، جدید ترین طبی سہولیات، معیاری تعلیم اور مقامی افراد کو روزگار فراہم کرتے ہوئے گردو نواح کے علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپورکردار ادا کرے گا۔ مہمان خصوصی نے نئے قائم شدہ بیس کا افتتاح کیا۔ چار ایف سولہ جہازوں نے مہمانان گرامی کے سامنے استقبالیہ فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع کو مزید یادگار بنانے کے لیے ایف سولہ جہاز کے انفرادی کرتب بھی پیش کیے گئے۔ پا ک فضائیہ کے سربراہ نے بیس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ائیرمین حضرات سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ کراچی کے شمال مشرق میں قائم پاکستان ائیر فورس بیس بھولاری ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ بیس نہ صرف کراچی اور قریبی ساحلی علاقوں کے فضائی دفاع کو مستحکم کرے گا، بلکہ پاکستان آرمی اور بحریہ کو ان کے زمینی اور سمندری آپریشنز کے دوران فضائی مدد بھی فراہم کرے گا۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز ، افواج پاکستان کے اعلی افسران اور حکومتی اور سول اداروں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔