قائدکے افکار اور اصولوں پر عمل کئے بغیرمسائل حل نہیں کرسکیں گے،میئر کراچی 

 
0
324

کراچی ،دسمبر25 (ٹی این ایس):میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جب تک قائد اعظم کے افکار اور اصولوں پر عمل نہیں کریں گے ہم مسائل حل نہیں کرسکیں گے ، ہمارا ملک اور شہر مشکل میں ہے کوئی شخص پاکستانیوں کے لئے نہیں سوچ رہا سب سیاسی ایشو میں پھنسے ہوئے ہیں، ہم سب کی سوچ پاکستان کی بہتری، ترقی اور خوشحالی ہونا چاہئے، یہ بات انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 141 ویں یوم ولادت کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین سید احمر علی، پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، کے ایم سی کی لاء کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ، لینڈ کے کمیٹی چیئرمین سید ارشد حسن، میڈیا کمیٹی کی چیئرپرسن صبحین غوری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر امان خان آفریدی، اے این پی کے رہنما عالم زیب الائی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس خورشید شاہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایک آزاد وطن دیا جس میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں ہمیں اس کی پاسداری کرنی چاہئے جب تک ہم میں اتحاد ، یکجہتی، اخوت ، مساوات اور جذبہ حب الوطنی نہیں ہوگا ہم ایک قوم نہیں بن سکیں گے، قائد اعظم چاہتے تھے کہ یہ ایک کامیاب ریاست ہواور یہاں مسلم آزادی کے ساتھ رہیں، انہوں نے کہا کہ بعض سماج دشمن عناصر نے ملک میں دہشت گردی کرکے امن و امان کی جو صورتحال پیدا کی ہے اس سے ہماری مسلح افواج نمٹ رہی ہے اور بہت جلد امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری پیدا ہوگی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے چائنا کٹنگ کی آڑ میں لوگوں کے گھر گرانے پر احتجاج کیا ہے لیکن ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے ساتھ ہیں، لاء کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں ہم عدالت میں نظرثانی کی درخواست جمع کرارہے ہیں اور ان پلاٹوں کا مسئلہ لے کر جائیں گے جنہیں لیز دی گئی ہے یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان مکانات کو چالان کس نے دیئے تھے، چائنا کٹنگ کے نتیجے میں بننے والے مکانات میں یوٹیلیٹی کی سہولتیں کس نے فراہم کیں، انہوں نے کہا کہ یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ کے پی ٹی، ریلوے، سول ایوی ایشن اور کنٹونمنٹ بورڈز میں جو تجاوزات قائم ہیں ان کے خلاف اب تک آپریشن کیوں شروع نہیں کیا گیا، میں یہاں سپریم کورٹ سے درخواست کروں گا کہ وہ اس کا بھی نوٹس لے ، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قائد اعظم جس پاکستان کے خواب کی تعبیر چاہتے تھے ہم سب پاکستانیوں کو اسی اسپرٹ سے کام کرنا چاہئے۔