یوم ولادت قائد اعظم : کراچی یوتھ فیڈریشن کی جانب سے نشان جناح یوتھ کانفرنس کا انعقاد ، ڈی جی رینجرز سندھ کی کی شرکت

 
0
593

کراچی ،دسمبر 25 (ٹی این ایس): پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے قائد اعظم کے یوم ولادت کی مناسبت سے کراچی یوتھ فیڈریشن کی جانب سے نشان جناح یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے تقریری مقابلے میں حصہ لے کر بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیااور ان کے افکار کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائدِ اعظم کے سنہر ی اصولوں کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اس سلسلے میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے اپنے شب و روز کو تعلیم کے حصول کے لیے وقف کر دیں ۔

ڈی جی رینجرز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ و ہ اپنے اندر اعلی نظم و ضبط، یقینِ محکم اور خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کریں ، اپنے کام کو ایمانداری اور خلوصِ نیت سے سر انجام دیں اور اپنے والدین پر فخر کریں۔ تقریب کے منتظمین اور شرکا نے کراچی میں قیامِ امن میں رینجرز کے کردار کو بے حد سراہا۔ بعد ازاں تقریری مقابلے میں پوزیشن حاصل کر نے والے طلبہ اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔