بے نظیر بھٹو کی 10ویں برسی آج منائی جارہی ہے‘بلاول اور آصف علی زرداری گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کریں گے

 
0
835

لاڑکانہ ،دسمبر27(ٹی این ایس): سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 10ویں برسی آج منائی جارہی ہے اور پیپلزپارٹی کے زیراہتمام ملک بھر میں برسی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے- برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں تقریب میں ملک بھر سے پارٹی کے کارکنان اور راہنماﺅں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔

گڑھی خدا بخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کی تقریب میں شرکت کیلئے مختلف شہروں سے کارکنان پہنچ رہے ہیں۔ برسی کی مرکزی تقریب کا باضابطہ آغاز محفل مشاعرہ سے ہوگا اور شام کو یہ مشاعرہ تعزیتی جلسے میں تبدیل ہوجائے گا۔برسی کی تقریب سے قبل نوڈیرو ہاﺅس میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں بے نظیربھٹوکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہرطرف پارٹی جھنڈے اور قائدین کی تصاویر نظر آرہی ہیں۔ ملک بھرسے آنے والے قافلوں کے لیے استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ‘برسی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں، 7ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے بھی عملہ تعینات ہوگا، گڑھی خدا بخش میں 60 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔برسی کی تقریب شرکت کے لیے آنے والے تمام افراد کو واک تھرو گیٹ پر جامع تلاشی کے بعد مرکزی پنڈال تک جانے کی اجازت دی جائے گی۔بے نظیربھٹوکی برسی کے موقع پر آج سندھ بھرمیں تعطیل ہے۔واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007ءکو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔