کنٹرول لائن پر جارحیت،بھارتی نائب سفیر کی دفترِ خارجہ طلبی،سخت احتجاج

 
0
424

اسلام آباد، دسمبر 27 (ٹی این ایس): پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

پاکستان نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ اور ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا اینڈ سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو تھمایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا کہ ایل او سی پر رکھ چکری سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی فورسز کے ایل او سی عبور کرنے کے بھارتی میڈیا کے دعوے کو مسترد کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ فوجی مبصر گروپ کو اپنا کردار ادا کرنے دے اور رکھ چکری سیکٹر سمیت سیز فائر کے خلاف ورزی کے دیگر واقعات کی تحقیقات کی جائے، اور بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

رواں برس بھارت کی جانب سے اب تک 1300 سے زائد مرتبہ ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کی جاچکی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔

گذشتہ ماہ بھی چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا۔