لاہور دسمبر 27(ٹی این ایس) مسلم لیگ (ن) کے صدر وسابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،آئندہ عام انتخابات اورعوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والے اس اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،مریم نواز ،وفاقی وزیر طلال چوہدری ،دنیال عزیز ،سینیٹر پرویز رشید ،عرفان صدیقی ،مریم اورنگزیب ، مصدق ملک سمیت دیگر شریک ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کے دوران رہنماؤں نے کھل کر اظہار خیال کیا اور آئندہ کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔ اس موقع پر یہ طے کیا گیا کہ عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔ غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں نواز شریف کے ضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں31دسمبر کو جلسے کے حوالے سے بھی تبادلہ کیاگیا ۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھاکہ ہماری جدوجہد ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ ملک اور اس کے عوام کیلئے ہے ۔منفی تاثر پیش کرنے والے سیاسی مخالفین کے چہروں سے نقاب اتر چکا ہے اور عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں ،منفی پراپیگنڈ ا کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔نواز شریف نے کہا کہ ہزارہ موٹروے کی تعمیر میرا اور ہزارہ کے عوام کا مشترکہ خواب تھااوراللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس خواب کی تعبیر ممکن ہوئی ہے ۔