وزیر اعظم کیڈٹ کالج حسن ابدال میں تعلیم کا معیار برقرار رکھنے اور تدریسی خدمات پر فیکلٹی ممبران کیلئے انڈومنٹ فنڈ میں 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان

 
0
535

حسن ابدال دسمبر 27(ٹی این ایس)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں تعلیم کا معیار برقرار رکھنے اور تدریسی خدمات پر فیکلٹی ممبران کیلئے انڈومنٹ فنڈ میں 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پنجاب کیساتھ وفاقی حکومت بھی کیڈٹ کالج حسن ابدال کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کرے گی ٗ کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل طلباء ترقی کی بلندیوں کو چھوئیں گے ٗ ملک ترقی کی راہ پر گامزن اور جمہوریت متحرک ہے۔وہ بدھ کو یہاں کیڈٹ کالج حسن ابدال میں یوم والدین کی سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ، وزیر خارجہ خواجہ محمدآصف، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں تعلیم کا معیار برقرار رکھنے اور تدریسی خدمات پر فیکلٹی ممبران کے لئے انڈومنٹ فنڈ میں 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کیڈٹ کالج حسن ابدال اعلیٰ روایات اور معیار کا حامل ہے، کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل طلباء ترقی کی بلندیوں کو چھوئیں گے، کیڈٹ کالج کے طلباء زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔کیڈٹ کالج حسن ابدال مستقبل کی قیادت پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیڈٹ کالج صرف ملک نہیں بلکہ پوری دنیامیں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ وزیر اعظم نے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کالج میں داخل طالب علم کسی سفارش کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنی اہلیت کی بنیاد پر آتے ہیں، یہ مستقبل کی قیادت ہیں۔

انہوں نے سیاست، عسکری شعبہ، صنعت، پیشہ وارانہ اور دیگر شعبہ جات میں قیادت کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیڈٹ کالج کے فارغ التحصیل طالب علم نہ صرف ملک بلکہ دنیا میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جوایک بڑی کامیابی ہے، ان کو دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، یہاں پر نظم و ضبط مثالی ہے، یہ طالب علم محب وطن پاکستانی ہیں، اچھے انسانوں کی خصوصیات ان میں نمایاں ہیں۔ یہ کردار یہی کالج دے سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی کیڈٹ کالج حسن ابدال کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کرے گی، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں اس کے لئے مختص فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پرنسپل نے اپنے خطاب میں بتایاکہ کس طرح موسم گرما میں یہاں خصوصی کوچنگ کلاسز دی جاتی ہیں، یہاں پر کوٹے کے ذریعے نہیں بلکہ اہلیت اور معیار کی بنیاد پر تدریسی امور سر انجام دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسا فیکلٹی کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے اساتذہ کی خدمات پر 2 کروڑ روپے اور 2تنخواہیں بطور اعزازیہ دینے کااعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس کالج میں طالب علموں کی تعداد 6 ہزار تک ہے تاہم ملک کے لئے ان کا حصہ بہترین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابدالین ہمیں ترقی کی نئی جہت کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن اور جمہوریت متحرک ہے۔ وزیر اعظم نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کیں۔ قبل ازیں شاہد خاقان عباسی کو روایتی اندازمیں سالانہ یوم والدین کی تقریب میں لایا گیا جہاں انہیں کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طلباء کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

انہوں نے کالج کے پرنسپل کے ہمراہ پریڈ کامعائنہ کیا۔ بعد ازاں کالج کے طالب علموں نے رنگا رنگ پی ٹی شو پیش کیا اور جمناسٹک کا مظاہرہ کیا۔کیڈٹ کالج حسن ابدال اپریل1954ء میں قائم ہواتھا۔کیڈٹ کالج حسن ابدال کو ملک کے پہلے کیڈٹ کالج ہونے کا اعزاز ہے۔ کیڈٹ کالج میں سیکنڈری سسکول سرٹیفکیٹ تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ سول اور عسکری شعبوں میں ٹیلنٹ کے فروغ کے لئے حسن ابدال کیڈٹ کالج کا اہم کردار ہے۔