طاہرالقادری کا نام ہی سازشوں کیلئے کافی ہے،تحریک انصاف اقتدار میں آنے کیلئے امپائر کی انگلی کے انتظار کی بجائے عوامی خدمت پر توجہ مرکوز کرے، طلال چودھری 

 
0
396

اسلام آبادِ ِِِ،دسمبر 27 (ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، تمام قومی اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے ،تحریک انصاف اقتدار میں آنے کیلئے امپائر کی انگلی کے انتظار کی بجائے عوامی خدمت پر توجہ مرکوز کرے،زیادہ ووٹ حاصل کرنیوالے ہی ملک پر حکمرانی کا حق رکھتے ہیں۔ ۔طاہرالقادری کا نام ہی سازشوں کیلئے کافی ہے، تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہان کی ملاقات حکومت کو نشانہ بنانے کیلئے تھی ۔بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ تمام قومی اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے یہ ملک میں نظام کی مضبوطی میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آنے کیلئے امپائر کی انگلی کے انتظار کی بجائے عوامی خدمت پر توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنیوالی سیاسی جماعت کو ہی عوام پر حکمرانی کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں ایسے نظام عدل کی بات کرتی ہے جو مساوی بنیادوں پر سب کیلئے ایک جیسا ہو کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اداروں کے احترام ہی کیلئے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا اور عدالتوں میں پیش بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کا نام ہی سازشوں کیلئے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہان کی ملاقات لیگی حکومت کو نشانہ بنانے کیلئے تھی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اس کے خاندان سے ملاقات کیلئے عالمی قوانین کی پیروی کی ہے کیونکہ پاکستان نے عالمی کنونشنز اور اقوام متحدہ میں دستخط کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کے فروغ میں ملوث رہا ہے اور اس کا اعتراف اس نے خود بھی کیا ہے۔