کلبھوشن کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی ،یہ پاکستان کی وسیع قلبی ہے دہشتگرد کو اس کے اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی،صدر آزاد کشمیر کاپاکستان میرین اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب

 
0
391

کراچی ،دسمبر 29 (ٹی این ایس):صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کا مکروہ چہرہ کلبھوشن یادیو کی شکل میں دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ کلبھوشن یادیو کے ساتھ ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی۔ یہ پاکستان کی وسیع قلبی ہے کہ دہشتگرد کو اس کے اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس پر بھارت کا واویلا اس کی کم ظرفی کا اظہارہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان میرین اکیڈمی کے ہیڈ کوارٹر کے جہاں 54 ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں مجموعی طور پر 136 کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے، جن میں 63ناٹیکل اور 73انجینئرنگ کے کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی کا پاکستان چائنا اکنامک کوریڈور میں اہم کردار ہے، میری خواہش ہے کہ پاکستان کا شمار معیشت کے حوالے سے دنیا کے بہترین ممالک میں ہو، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستانی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے آزاد کشمیر کے دروازے سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بہت تشویشناک ہے۔ بھارت نے ہزاروں لوگوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا ہے۔ یہی نہیں بھارت آزاد کشمیر پر ایل او سی کی روز خلاف ورزی بھی کررہا ہے۔ بھارت نے پاکستان میں تین جنگیں شروع کی ہوئی ہیں، ایک جنگ مقبوضہ کشمیر، ایک آزاد کشمیر اور ایک پاکستان کے اندر در پردہ شروع کی ہوئی ہے۔ بھارت نے اپنے ایجنٹس پاکستان میں بھیجے تھے، جن کا نشانہ خصوصا گوادر تھا۔
بھارت کا مکروہ چہرہ کلبھوشن کی شکل میں دنیا کے سامنے آگیا ہے، کلبھوشن یادیو کے ساتھ ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی، یہ پاکستان کی وسیع قلبی ہے کہ دہشتگرد کو اس کے اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے، اس پر بھارت کا واویلا اس کی کم ظرفی کا اظہار کررہا ہے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ اکبر نقی نے پاس ہونیوالے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم نے اپنے ہر کیڈٹ کو اعلی تربیت دی ہے ہمیں ملک کی حفاظت کرنی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے خود کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت کرنا ہے۔تقریب میں پاک نیوی اور پاک میرین اکیڈمی کے افسران کے ساتھ ساتھ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہلخانہ کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔