مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد پنچائتی انتخابات کی کوشش، مزاحمتی قیادت کی طرف سے انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی کال

 
0
463

سرینگر،دسمبر 29 (ٹی این ایس): مقبوضہ کشمیر میں مزاحمتی قیادت نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے اعلان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے گزشتہ روز سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکمران اور انکے کٹھ پتلی ان انتخابات کو کشمیریوں کے مفادات اور ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے انتخابات میں شرکت سے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو تقویت ملتی ہے۔

مزاحمتی قیادت نے کہا کہ پنچائتی انتخابات کے انعقاد کا مقصد مقبوضہ علاقے میں ہندو انتہا پسند جماعت راشٹریہ سویم سنگھ کے فسطائی نظام کا قیام ہے۔ مزاحمتی رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے بیانات میں کہا کہ سرکاری ملازمین اور انکے اہلخانہ کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا کٹھ پتلی انتظامیہ کا اقدام ایک آمرانہ ہتھکنڈہ ہے جسکا مقصد جموں وکشمیر کے بارے میں حقائق کو چھپانا اورکشمیریوں کی خواہشات کو دبانا ہے ۔ میڈیا کے کئی اداروں نے بھی انتظامیہ کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

دریں اثنا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہری نور محمد تانترے کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں آج تیسرے روز بھی ہڑتال کی گئی۔ دکانیں، کاروباری مراکز اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ بھارتی فوجیوں نے نور محمد تانترے کو منگل کے روز پلوامہ کے علاقے سامبورہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس سرینگر میں اپنی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے انعقاد سے روک دیا۔

اجلاس کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال پر غور و خوض کیلئے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ پر طلب کر رکھا تھا۔بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی کے گھر کی طرف جانے والے تمام راستے خار دار تاریں لگا کر سیل کردیے اور کسی کو بھی گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ یاد رہے کہ سید علی گیلانی 2010سے گھر میں نظر بند ہیں۔ قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، بلال صدیقی، عمر عادل ڈار، مولوی بشیر عرفانی، غلام احمد گلزار، غلامی نبی سمجھی، ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمد میر کو گھروں اور تھانوں میں نظر بند کر دیا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق کا آج سرینگر کے علاقے خانیار میں دستگیر صاحب کی زیارت پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کا پروگرام تھا۔ مختار احمد وازہ پہلے سے اسلام آباد کے صدر تھانے میں نظر بند ہیں۔