نیویارک کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک

 
0
507

نیویارک ،دسمبر29(ٹی این ایس):نیویارک کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق رات گئے نیویارک کے علاقے برونکس میں واقع 5منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آتشزدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوع پر روانہ ہوگئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو متاثرہ عمارت سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے 5 منزلہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ پر 160 فائر فائٹرز نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پایا۔ نیویارک حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

نیویارک کے میئر بل دی بلیزیو نے ایک پغام میں کہا ہے کہ25سال میں اس شہر میں لگنے والی یہ بدترین آگ ہے جس میں 12 لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔نیویارک کے میئر نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں جبکہ انہوں نے نیویارک میں رہنے والے افراد سے مرنے والے افراد کے لیے دعا کرنے کی بھی درخواست کی۔ ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ عمارت میں بچے بھی موجود تھے جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔