سپورٹس فیڈریشنز سیاست سے باہر نکلیں اور اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈلز لے کر آئیں،وزیر اعظم

 
0
553

اسلام آباد دسمبر 29(ٹی این ایس) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سپورٹس فیڈریشنز سیاست سے باہر نکلیں اور اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈلز لے کر آئیں،کھیل کسی بھی قوم اور نوجوان نسل کی عکاسی کرتے ہیں، عوام ،حکومت ،فوج اور اداروں نے ملکر دہشت گردی کو شکست دی اور کھیلوں کے میدان آباد کئے، ملکی میں کھیلوں کی بہتری کیلئے پہلی سپورٹس یونیورسٹی کی منظوری دی جا چکی ہے ، جلد اسکا قیام عمل میں لایا جائے گا،بین الصوبائی گیمز کے کامیاب انعقاد پر سپورٹس بورڈ،وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،امید ہے یہ گیمز تسلسل کیساتھ ہوں گی۔

وہ جمعہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں دوسری قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بین الصوبائی گیمز کے کامیاب انعقاد پر سپورٹس بورڈ،وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،یہ ریاض حسین پیر زادہ صاحب کی کاوش ہے کہ ہم اتنا بڑا ایونٹ کرانے میں کامیاب ہوئے،جن نوجوان کھلاڑیوں نے کھیلوں میں میڈلز حاصل کئے انھیں بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہملک میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث کھیلیں ممکن ہوئیں،خوشی ہے کہ اعلیٰ معیار کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا،تمام کھلاڑیوں کو کھیلوں میں اپنے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک میں امن نہ ہونیکی وجہ سے کھیلوں کے مقابلے نہیں ہوتے تھے۔عوام ،حکومت،افواج پاکستان ،پولیس اور اداروں نے مل کرملک میں امن قائم کیا اور دہشت گردی کو شکست دی،ملک میں امن وامان کے باعث کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے،مستقبل میں بھی اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے ہوتے رہیں گے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اور بلوچستان میں کھیلوں کا انعقاد کیا،حکومت اسپورٹس کے کلچرکوفروغ دینے کیلئے کوشاں ہے،کھیل کسی بھی قوم اور نوجوان نسل کی عکاسی کرتے ہیں،امید ہے کہ اس طرح کی مزیدگیمز ہوتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملکی میں کھیلوں کی بہتری کیلئے پہلی سپورٹس یونیورسٹی کی منظوری دی جا چکی ہے ، جلد اسکا قیام عمل میں لایا جائے گا،چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے مقابلے عالمی معیار کے ہوں۔

 قائداعظم بین الصوبائی گیمز جیسے ایونٹس سے ملک کو کھیلوں میں نوجوان ٹیلنٹ ملے گا،زندگی میں محنت اور کوشس کے بغیر کوئی چیز نہیں ملتی کوشس اور محنت جاری کھیں،تمام سپورٹس فیڈریشن والے سیاست سے باہر نکلیں ، اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈلز لے کر آئیں۔اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آئندہ3 ماہ کے اندر اسلام آباد میں ایک بہترین فٹبال چیمپئین شپ کرانے کا بھی اعلان کیا۔