وزیر اعلیٰ سندھ بھی مہمان صحافیوں کو استقبالیہ دینگے۔سید ناصر شاہ ۔مہمانوں کا بھرپور استقبال کرینگے ،وسیم اختر
کراچی ،جنوری02 (ٹی این ایس):ٍ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، ادبی اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی بحال ہو چکی ہے ، انٹر نیشنل اسکواش ٹورنامنٹ ، انٹر نیشنل فلم فیسٹول اور انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کے انعقاد سے دنیا بھر میں کراچی کا مثبت امیج ابھرے گا اس ضمن میں حکومت منتظمین اور غیر ملکی شرکاء کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں 5 جنوری سے 8 جنوری 2018 ء تک ہونے والی انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کے حوالہ سےٍ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات ،محنت اور ٹرانسپورٹ سید ناصر شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر، اطلاعات و آرکائیوز کے سیکریٹری عمران عطا سومرو، پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (PMDF) کی چیئر پرسن دردانہ شہاب ، سیکریٹری امین یوسف اور رکن صوبائی اسمبلی و پی ایم ڈی ایف کی رکن مہتاب اکبر راشدی بھی موجود تھیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ء کے حالات بہت زیادہ خراب تھے ، روشنیوں کے شہر میں اندھیرے چھائے ہوئے تھے ،معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، ثقافتی ، سماجی اور دیگر سرگرمیاں ماند پڑ چکی تھی، موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اس وقت ملک کے دو بڑے چیلنجز امن و امان اور بجلی بحران درپیش تھے اس ضمن میں حکومت نے انرجی بحران کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام پر خصوصی توجہ دی باالخصوص کراچی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد بلا تفریق و دباؤ آپریشن شروع کیا یہ ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیکر امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں تسلسل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، آپریشن کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے بھرپور ترقیاتی کاموں پر کام تیزی سے جاری ہے ، حکومت شہر میں عالمی طرز کے کھیلوں کے مقابلوں، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور بھرپور سیکیورٹی بھی فراہم کی جارہی ہے اس ضمن میں 5 جنوری سے8 جنوری 2018 ء تک جاری رہنے والی انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے ۔
کانفرنس میں 36 ممالک کے صحافی شرکت کرینگے جس سے پوری دنیا میں پاکستان با الخصوص کراچی شہر کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہے ،ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں سے ہی شہر کا دنیا بھر میں اصل تاثر اجاگر کرنے میں مدد مل سکتی ہے ، اس ضمن میں دنیا بھر میں منعقد ہ روڈ شوز میں بھی غیر ملکیوں کو پاکستان کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو سکے ، روڈ شوز میں غیر ملکیوں نے پاکستان کے اصل حقائق کے آگاہی کے بعد کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے پاکستان دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے لیکن امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث سرمایہ کار پاکستان آنے سے کتراتے تھے لیکن موجودہ حکومت نے مثالی امن قائم کرکے غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کردی ہے ۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم سب پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ہمیں اپنے وطن کے اصل حقائق سے دنیا بھر کو آگاہ کرنا چاہئے اس ضمن میں گورنر سندھ کی سرپرستی میں انٹر نیشنل معیار کے پروگرامز کے انعقاد پاکستان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آجا ئیگا یہ بہت اچھے اقدامات ہیں جنھیں کامیاب بنانے کے لئے ہم سب گورنر سندھ کے ساتھ ہیں ، کراچی کے شہریوں کے تعاون سے شہر میں امن بحال ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا ، غیر ملکی صحافیوں کی بڑی تعداد کا شہر میں آنا خوش آئند ہے ، صحافی کسی بھی معاشرہ کے ترجمان ہوتے ہیں امید ہے کہ مہمان صحافی پاکستان کے اصل امیج کو اپنے اپنے ممالک میں اجاگر کرینگے اس ضمن میں غیر ملکی صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی ، وزیر اعلیٰ سندھ بھی مہمان صحافیوں کو استقبالیہ دینگے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں میئر کراچی نے کہا کہ انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے موجوہ حالات میں اس طرح کی تقریبات نا گزیر ہیں ، کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی شرکاء کا بھرپور استقبال کیا جائے گا انھیں شہر میں آنے پر خوش آمدید کہنے کے لئے شہر میں استقبالیہ اور بینرز بھی لگائے جائیں گے اس ضمن میں بارہ دری میں ان کے لئے عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ٍٍ