پی ٹی آئی کی ریلی پرپولیس کا لاٹھی چارج، کئی رہنماء گرفتار

 
0
548

کراچی، جنوری 04 (ٹی این ایس): تحریک انصاف نے مرکزی دفتر سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب ریلی نکالی۔ پولیس نے مظاہرین کو میٹرو پول ہوٹل پر روک دیا۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث شاہراہ فیصل اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی۔ پولیس نے کئی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔

تحریک انصاف نے کراچی میں مارچ کیا۔ کارکنوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر ڈالا۔ پانی کی توپ بھی چلا دی۔ شرکاء نے میٹرو پول ہوٹل پر دھرنا دیدیا۔

حیدر آباد سے نکالی گئی ریلی کو ٹول پلازہ پر روکے جانے کے بعد کارکنان انصاف ہاؤس کراچی پر جمع ہو گئے جہاں سے پارٹی رہنماء عارف علوی اور عمران اسماعیل کی قیادت میں مارچ شروع کیا گیا۔

پولیس نے شاہراہ فیصل پر میٹرو پول ہوٹل کے قریب رکاوٹیں کھڑی کر کے مظاہرین کو آگے جانے سے روک دیا۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

کارکنان پولیس کا ایک حصار توڑ کر آگے بڑھ گئے مگر انہیں دوسرے حصار پر پھر روک لیا گیا جس پر مظاہرین نے دھرنا دے دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ ہر صورت وزیر اعلیٰ ہاؤس جا کر یاداشت جمع کرائیں گے۔