عمران خان کی تیسری شادی

 
0
308

اسلام آباد جنوری 6(ٹی این ایس): معروف صحافی عمر چیمہ نے دعویٰ کیاہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے تیسری شادی کر لی ہے۔ قومی اخبار میں شائع خبر کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے ایک بارپھر خفیہ شادی رچالی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس مرتبہ خان صاحب کی دلہن وہ خاتون ہیں جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایاکرتے تھے ۔ نجی اخبار نے اپنے ذرائع کے توسط سے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے رواں سال کے آغاز پر یکم جنوری کی شب کو لاہورمیں خاتون سے شادی کرکے نئے رشتے کے ساتھ اپنے نئے سال کا آغاز کیا۔

لاہور میں شادی کرنے کے بعد عمران خان وہاں سے اگلے روز سیدھے اسلام آباد میں انسداددہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں سے انہیں ضمانت بھی مل گئی ۔ رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا نکاح پی ٹی آئی کورکمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا۔ یاد رہے کہ 8جنوری 2015ء میں ریحام خان سے شادی کے موقع پر بھی عمران خان کے نکاح خواں مفتی سعید ہی تھے ۔

اگرچہ عون چوہدری اور نعیم الحق نے کپتان کی شادی کی خبروں کی تردید کی لیکن جب دی نیوزنے مفتی سعید سے رابطہ کیا توانہوں نے خبر کی تصدیق کی نہ ہی تردید۔ پی ٹی آئی چیف کے پولیٹیکل سیکریٹری عون چوہدری نمائندے سے گفتگو میں کپتان کی شادی کی دو ٹوک تردید کر چکے ہیں۔ عون چوہدری نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ عمران خان کا کوئی نکاح ہواہے۔

ان کاکہنا تھاکہ وہ ہروقت خان صاحب کے ساتھ رہتے ہیں اور مذکورہ تاریخوں میں ہم لاہور گئے ہی نہیں تو نکاح کیسا۔جبکہ دوسری جانب قومی اخبار دی نیوزنے متعدد ذرائع سے اس بات کی تصدیق کی کہ نکاح کی تقریب میں عون چوہدری موجود تھے ۔ اور مزید یہ کہ عون چوہدری ریحام خان سے شادی کے موقع پر بھی عمران خان کے گواہوں میں شامل تھے ۔پی ٹی آئی چیئرمین کے ترجمان نعیم الحق نے بھی شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے ذاتی شناسائی اور35سالہ رفاقت کے پیش نظرمیں یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتاہوں کہ ایساکچھ ہواہی نہیں ہے۔

وہ اگر شادی کریں گے بھی تو2018ءمیں عام انتخابات کے بعد کریں گے ۔ لیکن عمران خان کی مبینہ تیسری شادی کے نکاح خواں مفتی سعید شادی کی تردید کے حوالے سے تذبذب کا شکارنظرآئے، رابطہ کرنے پر مفتی سعید نے کچھ بھی کہنے سے معذرت کر لی۔بعد ازاں مفتی سعید سے جمعہ کی صبح جب دوبارہ رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنا وہی مؤقف دہرایا مگر جب ان سے تین بار یہ پوچھا گیاکہ کیاوہ یکم جنوری کو لاہورمیں عمران خان کا نکاح پڑھانے کی تردیدکرنا چاہیں گے توانہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے سیکٹروائی میں دلہن کے قریبی دوست کے گھر میں منعقد کی گئی۔ کپتان کی تیسری دلہن خودبھی گلبرگ 3میں رہائش پذیر ہیں ۔ خاتون نے اپنے سرکاری ملازم شوہرسے خلع کے لیے چند ماہ قبل درخواست دائرکی تھی۔ ان کے سابقہ شوہر نے بھی علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔ اور ان کے مطابق یہ فیصلہ روحانی وجوہات کی بناء پر کیا گیا تاہم انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ ان کہ سابقہ اہلیہ نے عمران خان سے شادی کرلی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کا مذکورہ خاتون سے چند برس قبل روحانی رہنمائی کے لیے رابطہ ہوا تھا اور جوبالآخرشادی کی صورت میں اختتام پذیرہوا۔ یہ عمران خان کی تیسری شادی ہے۔ انہوں نے پہلی شادی 16 مئی 1995 کو جمائما خان سے کی جو 9 برس بعد 22 جون 2004 کو طلاق پر ختم ہوئی۔ ان کی دوسری شادی ریحام خان سے ہوئی جو بمشکل 10 ماہ چلی اور اس کے بعد دونوں میں علیحدگی ہو گئی۔

اگر چہ عمران خان نے اس شادی کاباضابطہ اعلان 8 جنوری 2015 کو کیا تاہم ایسی اطلاعا ت تھیں کہ ان کا نکاح اس سے قبل نومبر2014 کے ابتداء میں ہوا تھا۔ مفتی سعید، جنہوں نے عمران اور ریحام کا نکاح پڑھایا تھا، نے نومبر 2014 میں دونوں کی شادی پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔ دوسری جانب جب ایک سینئر جرنلسٹ نے عمران اور ریحام کی شادی کی خبر دی تھی تو پی ٹی آئی چیئرمین نے اس خبر کو ناقابل توجہ قرار دیاتھا۔

31 دسمبر 2014 کو انہوں نے اپنی ایک مشہور ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میری شادی کی رپورٹس کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہےتاہم آٹھ روزبعد ہی عمران خان نے ایک عوامی اجتماع میں اپنی شادی کی تصدیق کردی تھی۔ خیال رہے کہ عمران خان کی روحانی پیشوا اس سے قبل بھی خبروں کی زینت بنی رہی ہیں۔ اس سے قبل عمران خان کے ہاتھ کی چھوٹی اُنگلی میں پہنی گئی انگوٹھی سے متعلق بھی خبریں گردش کرتی رہیں جن سے متعلق علم ہوا کہ یہ انگوٹھی عمران خان کو ان کی روحانی پیشوا نے دی ہے۔

مزید برآں کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی معاملات میں رہنمائی اور مشورے کے لیے بھی اپنی روحانی پیشوا کے پاس ہی جاتے تھے۔ عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق تاحال کوئی مصدقہ اطلاع تو نہیں آئی لیکن قومی اخبار کی اس رپورٹ کے مطابق عمران خان تیسری دلہن بیاہ لائے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کپتان اپنی اس تیسری شادی کا اعلان یا اس کی تردید کب کریں گے۔