کراچی ٗاولڈ سٹی ایریا میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تاجروں سے بھتہ وصول کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا

 
0
324

کراچی جنوری 6 (ٹی این ایس)شہر قائد کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تاجروں سے بھتہ وصول کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق ملزمان ہر ماہ کے آغاز میں بھتہ خوری کے لیے غیر ملکی ٹیلی فون نمبرز کا استعمال کرتے تھے اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نام پر بھتہ وصول کیا جاتا تھا ٗبھتہ وصولی میں اولڈ سٹی ایریا مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی ملوث ہیں اور ایسوسی ایشن کے حصے کے نام پر ایک لاکھ 80 ہزار تک بھتہ وصول کیا جاتا تھا۔ترجمان رینجرز کے مطابق بھتہ وصولی میں گینگ وار کا ایاز زہری اور وصی اللہ لاکھو گروپ ملوث ہے، جو کراچی آپریشن کے بعد سے بیرون ملک فرار ہیں، دسمبر 2017 میں سی پی ایل سی کو بھتے کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 3 کیسز کے ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔دوسری جانب ترجمان کے مطابق رینجرز نے تحقیقات کے دوران متعدد ٹیلی فون نمبرز کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔