گورنر سندھ محمد زبیر نے چار روزہ انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس کا افتتاح کردیا 

 
0
331

کراچی جنوری 6(ٹی این ایس)گورنر سندھ محمد زبیر نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کی جانے والی انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس کا افتتاح کردیا ہے۔ کانفرنس میں امریکہ، چین، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، ایران، ملائیشیا،افغانستان، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی میڈیا ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن دردانہ شہاب، صدر ظہیر خان، جنرل سیکریٹری امین یوسف، سینئر نائب صدر مقتدیٰ منصور اور پی ایم ڈی ایف کے دیگر عہدیدارسمیت مختلف ممالک سے آنے والے صحافی بھی موجود تھے۔ انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی سطح کے پروگرامز کے تسلسل سے انعقاد اور بیرون ممالک سے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام پر دنیا کا واضح اعتماد کا مظہر ہے اس ضمن میں پاکستان کے حقیقی تاثر کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لئے میڈیا کانفرنس اہم ثابت ہوگی، غیر ملکی میڈیا کے نمائندے پاکستان، صوبہ باالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کا جائزہ لینگے، شہر میں جاری معاشی، اقتصادی، تجارتی، سماجی، ثقافتی، ادبی اور کھیلوں سمیت دیگر سرگرمیوں کے مشاہدہ کرنے سے صحافیوں کو اپنے ممالک میں پاکستان کے اصل حقائق بیان کرنے میں آسانی ہوگی، کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافی ہمارے مہما ن ہیں انھیں ہر ممکن سہولیات کی فراہم کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 ء کے پاکستان سے با الکل مختلف پر امن اور خوشحالی کی سمت گامزن ہے،آج ہر شعبہ میں مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں، لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہیں، حکومت امن و امان اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد سماجی شعبہ کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپو ر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اس وقت ملک کے دو بڑے چیلنجز امن و امان اور بجلی بحران درپیش تھے اس ضمن میں حکومت نے انرجی بحران کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام پر خصوصی توجہ دی باالخصوص کراچی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد بلا تفریق و دباؤ آپریشن شروع کیا یہ ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیکر امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں تسلسل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، آپریشن کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے بھرپور ترقیاتی کاموں پر کام تیزی سے جاری ہے، حکومت شہر میں عالمی طرز کے کھیلوں کے مقابلوں، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور بھرپور سیکیورٹی بھی فراہم کی جارہی ہے اس ضمن میں 8 جنوری 2018 ء تک جاری رہنے والی انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔