سویڈن کے میٹروسٹیشن کے باہر دھماکہ ایک شخص ہلاک

 
0
6312

سٹاک ہوم ، جنوری08(ٹی این ایس):سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کے میٹرو اسٹیشن کے باہر بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔پولیس کے ترجمان سوین ایرک اولسن کے مطابق ایک 60 سالہ شخص نے زمین پر پڑی ہوئی ایک چیز کو اٹھائی جس کے بعد دھماکا ہوا اور وہ شخص جاں بحق ہوگیا‘ دھماکے کے نتیجے میں 45 سالہ ایک خاتون زخمی ہوئیں جنھیں چہرے پر زخم آئے ہیں۔دھماکا دارالحکومت سٹاک ہوم کے جنوبی میں مضافاتی علاقے ہوڈنگ کے ویربی گارڈ اسٹیشن میں پیش آیا جس کے بعد پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور متعلقہ علاقے کو گھیرے میں لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ۔

مقامی میڈیا کے مطابق 60 سالہ شخص نے جو چیز اٹھائی تھی وہ ایک ہینڈ گرینیڈ تھا۔دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے پولیس ترجمان اولسن کا کہنا ہے کہ فوری طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، متعلقہ حکام ابھی تک کام کررہے ہیں اور جوڑے کو نشانہ بنانے والی چیز کے حوالے سے کچھ معلوم نہیں ہوا ہے۔مقامی رہائشی میوراڈ جینسس نے بتایا کہ ہم نے 1990 کی دہائی اور 2000 کے اوائل میں ایسے واقعات دیکھے ہیں لیکن اس دھماکے سے حیران ہیں کیونکہ وہ گروپ ختم ہوگئے تھے۔سویڈن کی پولیس کی جانب سے گزشتہ سال شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق سویڈن یورپ کا وہ ملک ہے جہاں گینگ سب سے زیادہ گرینیڈ استعمال کرتے ہیں۔