تعلیم کے شعبے کی ترقی و توسیع ہی اصل اور ٹھوس سرمایہ کاری ہے ،آغا خان فاونڈیشن اور یونیورسٹی نے تعلیمی شعبے کی ترقی میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے، صدر مملکت ممنون حسین

 
0
492

اسلام آباد جنوری 10(ٹی این ایس) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی و توسیع ہی اصل اور ٹھوس سرمایہ کاری ہے جس کے نتیجے میں قومیں حقیقی معنوں میں ترقی کر سکتی ہیں۔ آغا خان فاونڈیشن اور یونیورسٹی نے اس سلسلے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات آغا خان یونیورسٹی کراچی کی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کو ایوان صدر میں یونیورسٹی کے صدر فیروز رسول کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر مملکت کو آغا خان یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی تعلیم کے مختلف شعبوں میں قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے جس کے نتیجے میں آئندہ چند برسوں کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں کے ماہرین بڑی تعداد میں تیار ہو سکیں گے جو قومی ترقی کی رفتار تیز کرنے کا ذریعہ بنیں گے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو سکے گا۔ اس موقع پر آغا خان یونیورسٹی کے نائب صدر الکریم حاجی اور اسماعیلی نیشنل کونسل پاکستان کے صدر حافظ شیرالی کے علاوہ ایوان صدر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔