شیریں مزاری کی قصور میں 7سالہ بچی کے زیادتی کے بعد قتل اور احتجاج کرنے والوں پر پولیس فائرنگ کی شدید مذمت

 
0
449

اسلام آباد  جنوری 10(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف  کی رہنما شیریں مزاری نے قصور میں 7سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل اور قصور میں اس زیادتی کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ملزمان کوفی الفور گرفتارکر کے سزا دیں،تحریک انصاف کی رہنما ء نے کہا کہ قصور میں یہ 12واں واقعہ ہے بچیوں کی جانوں کی کیا وہاں کوئی قیمت نہیں ہے،رانا ثناءاللہ جیسے وزیر کہتے ہیں کہ یہ زمین کا تنازعہ ہے،ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر پنجاب پولیس فائرنگ کر دیتی ہے،بچی کے ڈی این اے سے ثابت ہوا کہ یہ ایک ہی شخص کی جانب سے پانچویں دفعہ زیادتی ہوئی ہے، یہ کوئی سیریل کلر ہے جسے پولیس اب تک گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

بدھ کو تحریک انصاف کی رہنما ء شیریں مزاری نے یہاں اسلام آباد میں خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، اس طرح کے واقعات پنجاب میں معمول بن چکے ہیں،ہم بالکل پنجاب حکومت پر الزام بھی لگائیں گے اور سوال بھی کریں گے کیونکہ ایسے واقعات ریاست کی غفلت کی وجہ سے ہوتے ہیں، آج والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے قاصر ہیں، حکومت کا اور ریاست کا یہ آئینی فرض ہے کہ ریاست کے شہریوں کی حفاظت کی جائے، وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب پولیس کو وی آئی پیز کے تحفظ پر لگا دیا ہے، جس کی وجہ سے عام شہری دربدر پھر رہے ہیں اور ان کے ساتھ ظلم و زیادتی کا بازار گرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2015میں اگر قصور واقعہ کے ملزمان کو سزا دے دی جاتی تو آج یہ نوبت نہ آتی، معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتیوں کا یہ بارہواں واقعہ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ انہیں یہ سن کر صدمہ ہوا۔ ڈی آئی خان واقعہ پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور اس میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے، خیبرپختونخوا کی پولیس کسی کے سیاسی دبا? میں نہیں آئی،مگر پنجاب حکومت نے قصور واقعہ کے لوگوں کو چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعہ پر کوئی پوائنٹ سکورنگ نہیں کر رہے بلکہ یہ انسانیت سوز واقعہ جس پر ساری انسانیت شرمندہ ہے اس واقعہ کو زمین کا تنازعہ کہہ کر دبانے نہیں دیا جائے گا،قصور میں سات سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ پر احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ کر کے پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاون کی تاریخ دہرائی ہے،کمیٹیاں بنانے اور بیانات دینے سے معاملات حل نہیں ہوتے،ایسی سزا دی جائے کہ ساری دنیا کیلئے ایک مثال بن جائے۔