عراقی وزیراعظم اور ایران نواز ملیشیا میں اتحاد مضحکہ خیزقرار

 
0
316

بغداد جنوری 16(ٹی این ایس)عراق کے رہ نما اور صدر تحریک کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے وزیراعظم حیدر العبادی اور ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا الحشد الشعبی کے اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنا یا ہے اور اس کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔مقتدیٰ الصدر نے اپنے بیان میں الحشد الشعبی کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے کی کوشش پر حیرت کا اظہار کیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دوغلے پن سے ایک بدعنوان سیاسی کلاس پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔الصدر نے واضح کیا کہ وہ آیندہ عام انتخابات میں ان مہم جو گروپوں کی حمایت کریں گے جو فرقہ وارانہ بنیاد پر کوٹا کی تقسیم کے اصول کو مسترد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اتوار کو ہادی الامیری کے ساتھ فتح عراق اتحاد کی تشکیل کے لیے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔جس کے بعد انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اتحاد عراق کے لیے لڑنے والے شہداء کی قربانیوں اور زخمی ہیروز کا تحفظ کرے گا۔