لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کا دھرنا رکوانے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

 
0
322

لاہور جنوری 16(ٹی این ایس)اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے خلاف دھرنے کو رکوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔لاہور ہائی کورٹ میں دھرنے کے خلاف درخواست ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر نے شہری غلام یاسین کی جانب سے دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کے خلاف دھرنے کا اعلان غیر آئینی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھرنے کا اعلان آئین کے آرٹیکل 124 اے کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے دھرنے سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے جبکہ اس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی بھی مفلوج ہو جائے گی۔درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ عدالت سیاسی جماعتوں کو 17 جنوری کو دھرنا دینے سے روکنے کا حکم دے۔