خواجہ سرا ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، ان کے مسائل کے حل کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو کردار ادا کرنا چاہئے ٗچیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل 

 
0
445

وفاقی محتسب پاکستان کے عام شہریوں کو مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ٗ ڈاکٹر قبلہ ایاز کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد ،جنوری 16 (ٹی این ایس):اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ خواجہ سرا ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، مسائل کے حل کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو کردار ادا کرنا چاہئے، وفاقی محتسب پاکستان کے عام شہریوں کو مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وہ منگل کو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں خواجہ سراؤں کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ خواجہ سراؤں کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سراؤں کے ساتھ امتیازی سلوک سخت گنا ہ ہے، انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے اقدامات اٹھا ئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خواجہ سراؤں کا مسئلہ مساجد کا موضوع بنے، خواجہ سرا اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں، ان کی توہین اللہ کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل خواجہ سراؤں کے حوالے سے سفارشات تیار کر کے عنقریب حکومت کو پیش کرے گی ۔

وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور نیشنل چلڈرن کمشنر اعجاز احمد قریشی نے وفاقی محتسب کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی محتسب میں ہر شکایت کا فیصلہ صرف 60 دن میں ہو رہا ہے اور شکایت گزار کاایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل کے حل اور اداروں کی اصلاح کیلئے متعدد کمیٹیاں بنائی ہیں جو اپنی سفارشات مرتب کر کے حکومت کو پیش کرتی ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے اجلاس میں بتایا کہ خواجہ سراؤں کے حوالے سے پارلیمنٹ میں قانون سازی آخری مراحل میں ہے، اس کمیٹی کی سفارشات کو سینٹ اور قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اندر بڑی اہمیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹرانسجنڈر کے بارے میں شرعی حوالے سے رہنمائی کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی رابطہ کیا اور آج ڈاکٹر قبلہ ایاز یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسجنڈر کی وراثت سمیت کئی حوالوں سے بڑئے مسائل ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر انعام اللہ نے کہا کہ خواجہ سرا بھی خاندان کے افراد ہیں اور انہیں بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو خاندان کے باقی افراد کو حاصل ہوتے ہیں۔ اجلاس میں خواجہ سراؤں کے نمائندگان نے تفصیل کے ساتھ اپنے مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیا اور وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے علماء کرام کے ساتھ ہماری ملاقات کا اہتمام کیا اور ہمارے مسائل کو سنا گیا۔

تقریب میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، سینیٹر روبینہ خالد، وفاقی محتسب کے سیکرٹری محمد اصغر چوہدری، نیشنل چلڈرن کمشنر اعجاز احمد قریشی، اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر انعام اللہ، خواجہ سراء کمشنر سیّدہ وقار النساء ہاشمی، خواجہ سراؤں کے نمائندگان اور وفاقی محتسب کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ وفاقی محتسب نے بچوں اور خواجہ سراؤں کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان میں پہلی بار سنجیدہ اقدامات اٹھائے اور اس حوالے سے قانون سازی کیلئے قابل عمل سفارشات مرتب کرکے حکومت کو بھجوائیں۔ وفاقی محتسب نے خواجہ سراؤں کے مسائل کے حوالے سے سینیٹر روبینہ خالد کی سر براہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے جو خواجہ سراؤں کے مسائل اور ان کو درپیش مشکلات کے حوالے سے اپنے کئی اجلاس منعقد کر چکی ہے ۔ کمیٹی نے پارلیمنٹ سے قانون سازی کے لئے کئی سفارشات پیش کی ہیں۔