وزارتِ کامرس کی ایمپلائیز کوآپریٹیو  ہاؤسنگ سوسائٹی کے دوبارہ انتخابات آج، اتحاد گروپ نے آئی جی اسلام آباد اور دیگر حکام سے معقول سیکیورٹی فراہم کرنے کہ درخواست کردی

 
0
1005

اسلام آباد، جنوری 17 (ٹی این ایس): وزارتِ کامرس کی ایمپلائیز کوآپریٹیو  ہاؤسنگ سوسائٹی کے دوبارہ انتخابات آج ایف ایٹ مرکز فٹ بال گراؤنڈ میں منعقد کئے جارہے ہیں جس میں خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت  3800 ارکان ووٹ کا استعمال کرکے سوسائٹی کا انتظام چلانے  کے لئے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

اتحاد گروپ کی طرف سے  سیکریٹری جنرل کے لئے نامزد امیدوار مظہر حسین نے اسلام آباد پولیس کے آئی جی سلطان اعظم تیموری سے خصوصی طور پر درخواست کی ہے کہ وہ انتخابی عمل کو پرامن اور باسہولت بنانے کی خاطر مناسب سیکیورٹی فراہم کریں جو پولیس کے علاوہ رینجرز پر مشتمل ہو۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ہی سوسائٹی کے انتخابات ہوئے تھے تاہم  سرکلر رجسٹرار آفس (آی سی ٹی) کی مزیدلوازمات پوری کرنے کے لئے انکو دھرایا جا رہا ہے۔

مظہر حسین ، جو گذشتہ الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے نے کہا ہے کہ  سوسائٹی کے گذشتہ  انتخابات  کے تجربات کے پیش نظر زیادہ بہتر سیکیورٹی درکار ہے۔

انھوں نے کہا کہ بعض شر پسند عناصر کی طرف سے انتخابی عمل میں خلل ڈالے جانے کی بھی اطلاعات ہیں چنانچہ آئی جی ، ایس ایس پی آپریشنز، اے آئی جی سپیشل برانچ اور ڈپٹی کمشنر سے پر زور اپیل ہے کہ وہ  آج کے اس انتخابی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف فورسز پر مشتمل مناسب سیکیورٹی فراہم کریں۔