عمران خان کے دعوے کھوکھلے نکلے ‘ لاہور کے عوام نے ان کو طمانچہ مارا ہے، دانیال عزیز

 
0
369

پی ٹی آئی ارکان نے پہلے بھی استعفے دیئے پھر ٹی اے ڈی اے کیلئے روتے رہے، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

اسلام آباد،جنوری18 (ٹی این ایس):وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ان لوگوں نے پہلے بھی استعفے دیئے پھر ٹی اے ڈی اے کیلئے روتے رہے ٗ عمران خان کے دعوے کھوکھلے نکلے ‘ لاہور کے عوام نے ان کو طمانچہ مارا ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سچ بولنا ہمارا مشن ہے عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے اٹھارہ جھوٹ بولے ہیں۔ استعفے پہلے بھی دیئے گئے تھے اس کے بعد روتے رہے کہ ہمارے ٹی اے ڈی اے دیئے جائیں یہ نئی بات نہیں ہے دوغلی پالیسی نہیں چلے گی۔دانیال عزیز نے کہا کہ کل لاہور میں سیاسی جنازہ دیکھا جو عوام نے پڑھا۔ شام کو جلسہ ہوتا ہے تاکہ بتیاں تیز کرکے میڈیا کے ڈرون کو کرسیان اور جھنڈے بھی لوگوں کی طرح معلوم ہوں۔ عوام نے ان جماعتوں کی حقیقت سب کے سامنے رکھ دی ہے، سیف ہاؤس والے اور جن کا ریکارڈ نیب سے غائب ہے وہ بھی کل وہاں آئے ہوئے تھے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے عمران کے دعوے کھوکھلے نکلے،لاہور کے عوام نے ان کو طمانچہ مارا ہے۔ عمران سیٹ بیلٹ کی بات کررہے ہیں ان کی تو گاڑی ہی نہیں ہے پہلے چار پہیے تلاش کریں ٗ واحد سیاسی جماعت ہے جس کا سیکرٹری جنرل کرپشن پر فارغ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالتوں کے آگے سرجھکا دیا ہے آج اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے عمران خان کیلئے سخت الفاظ استعمال کئے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ یہ نیا پاکستان نہیں پرانے پاکستان کے آخری حربے ہیں صرف (ن) لیگ ملکی معیشت کو تقویت دے سکتی ہے ٗپاکستان کی خارجہ پالیسی اور اکنامک پالیسی پاکستان کو ایک سمت میں لے کر جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک فیصلہ ہوجاتا ہے تو وہ پبلک پراپرٹی بن جاتا ہے ہماری ذمہ داری میں شامل ہے کہ شفاف نظام کے لئے تگ و دو کریں۔