اپوزیشن کا لاہور شو فلاپ ترین شو تھا ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے اتحادکی منزل صرف حصولِ اقتدار ہے ،وزیر خارجہ

 
0
556

پیپلز پارٹی کو ماڈل ٹاؤن واقعے کے شہداء کے بارے میں بات کرنے کی بجائے راوالپنڈی کے لیاقت باغ کے واقعے کے شہداء کی بات کرنی چاہیئے،خواجہ آصف کا انٹرویو

اسلام آباد،،جنوری18 (ٹی این ایس):وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا لاہور میں فلاپ ترین شو تھا ٗ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا اتحاد صرف اقتدار کے حصول کے لیے ہے ٗ پیپلز پارٹی نے بے نظیر بھٹو شہید کیس کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ میں ایک کمیٹی کے قیام کے لیے عوام کے 15 ملین ڈالرز گنوا دئیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتوں کا طاقت کا مظاہرہ ایک فلاپ ترین شو تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے بعد سے ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل قائم ہے جسے بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنا چاہیئے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن ہم دعا اور امید کرتے ہیں کہ ملک میں یہ جمہوری نظام جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرپرسن آصف علی زرداری اپنے سابقہ دور حکومت میں بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھی گرفتار نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ماڈل ٹاؤن واقعے کے شہداء کے بارے میں بات کرنے کی بجائے راوالپنڈی کے لیاقت باغ کے واقعے کے شہداء کی بات کرنی چاہیئے۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ میں ایک کمیٹی کے قیام کے لیے عوام کے 15 ملین ڈالرز گنوا دئیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں اگلے انتخابات کا انعقاد وقت پر کیا جائے گا اور جمہوری نظام کو جاری رکھیں گے۔