جاتی امرا کے نوکروں اور ڈرائیوروں کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے آرہے ہیں جو نواز شریف کے لیے منی لانڈرنگ کر رہے ہیں،عمران خان کا الزام

 
0
417

ہل میٹل اسٹبلشمنٹ سے نواز شریف کو 114کروڑ ،67لاکھ روپے آئے جس میں سے 80کروڑ روپے مریم نواز کودئیے گئے،  شکر کریں پارلیمنٹ کے لعنت سے بڑا لفظ استعمال نہیں  کیا:پریس کانفرنس

اسلام آباد، جنوری 18 (ٹی این ایس ): تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ جاتی امرا کے نوکروں اور ڈرائیوروں کے اکاﺅنٹس میں کروڑوں روپے آرہے ہیں جو کہ نواز شریف کے لیے منی لانڈرنگ کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی پولیس کا اس لیے یہ ہے حال ہے کیونکہ اہلکاربھی نواز شریف کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک ہمیں پتہ تھا کہ ہل میٹل اسٹبلشمنٹ سے نواز شریف کو 114کروڑ ،67لاکھ روپے آئے جس میں سے 80کروڑ روپے مریم نواز کودئیے گئے لیکن اب مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محمد حمید ،عبد الرزاق ،محمد سلیم ،محمد اسلم ،لیق خان ،کرامت خان ،شاہد فرخ،ڈاکٹر عاصم محموداور اقبال انجم نامی نواز شریف کے نوکروں کے اکاﺅنٹ میں کروڑ وں روپے آئے اور پنجاب پولیس کے کانسٹیبل محمد اقبال اور کانسٹیل ندیم سرور کے اکاﺅنٹ میں بھی کروڑوں روپے آئے ۔عمران خان نے انکشاف کیا کہ نواز شریف نے اپنے پنو نامی ڈرائیور کے اکاﺅنٹ میں بھی کروڑوں روپے منگوائے اور منی لانڈرنگ کی .

ان کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے کروڑوں روپے نواز شریف کے نوکروں کے نہیں ہیں ،یہ اپنا ایک روپیہ بھی کسی کو نہ دیں ،نوازشریف اس طرح سے اپنے بلیک منی کو وائٹ کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی رمضان شوگر مل میں بھی ساڑھے تین ارب روپے آئے اور یہ بھی منی لانڈرنگ کا ہی گھپلا ہے ،تحریک انصاف یہ تمام تفصیلات نیب کے حوالے کرے گی ۔

عمران خان نے کہا کہ خواجہ آصف نے آج اسمبلی میں بڑی تقریر کی اور پارلیمنٹ کی بے حرمتی کی بات کی ،جس اسمبلی میں چور بیٹھے ہوں ،اس کے لیے لعنت کا لفظ ہلکا ہے ،یہ شکر کریں میں مزید سخت لفظ کہنا چاہتا تھا لیکن نہیں کہا ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کا وزیر خارجہ دبئی میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہے، جس کی 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے اور خواجہ آصف کے بینک اکاونٹس سے امریکا پیسے جارہے ہیں جو ان کی بیوی کو ملتے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ خواجہ آصف سے بڑا کوئی جھوٹا انسان ہوسکتاہے؟عمران خان نے سوال کیا، ‘مجھے یہ بتائیں کہ کون سی ایسی اسمبلی ہے جو ایک 300 ارب چوری کرنے والے شخص کے لیے قانون بناکر اسے پارٹی کا سربراہ بناتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ نیب کو خاص طور پر مبارک دیتا ہوں ،انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کر کے زبردست کام کیا ،چیئر مین نیب سے کہتا ہوں کہ کسی کے دباﺅمیں نہیں آنا ،ساری قوم نیب کے ساتھ کھڑی ہے ۔