بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ جاری، ایک اور شہری شہید، لڑکی زخمی

 
0
328

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، جارحیت پر شدید احتجاج

بھمبر،جنوری 19 (ٹی این ایس):بھارتی فورسز کی جانب سے آزاد جموں اور کشمیر کے ضلع بھمبر میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع بھمبر چوہدری گفتار نے بتایا کہ نالی گاؤں میں بھارتی فورسز کی جانب سے داغے گئے مارٹر شیل کی زد میں آکر 60 سالہ غلام نبی ولد نور محمد موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ضلع بھمبر کے ہی سیکٹر سامناہی میں پانچویں جماعت کی 10 سالہ چمن نیاز نامی طالبہ اپنے گاؤں میں اسکول جاتے ہوئے مارٹر شیل لگنے سے زخمی ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ لڑکی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بعد ازاں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا اور انہیں احتجاجی مراسلہ بھی دے دیا گیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں علاقے کے امن اور سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں اور یہ پاکستان کو قابلِ قبول نہیں ہیں۔یاد رہے کہ رواں ماہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جند روٹ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں لائن کمیونیکیشن کی مرمت کے کام میں مصروف پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔جس کے جواب میں پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں ۔