انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو اور اہلیہ کے ہمراہ آج پاکستان کے سرکاری دورے پرآئیں گے

 
0
1162

اسلام آباد ، جنوری 20 (ٹی این ایس): انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو اوران کی اہلیہ ایرانہ ودودو آج پاکستان کے سرکاری دورے پرآئیں گے۔صدرودودو کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

2012ء میں صدرسوسیلو بمبانگ یُدہویونو ڈی ایٹ سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔

صدرودودو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ صدرممنون حسین ان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت کا اہتمام کریں گے۔صدر ودودو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بات چیت بھی کریں گے۔

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان قریبی تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔انڈونیشیا پاکستان کا آٹھواں اورآسیان کے رکن ملکوں کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔انڈونیشیا کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم سالانہ دو ارب دس کروڑ ڈالر ہے اور توقع ہے کہ ترجیحی تجارتی سمجھوتے کے تحت بیس برآمدی اشیاء پر ٹیکس کی چھوٹ سے اس میں مزید اضافہ ہوگا۔صدر ودودو کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان قائم موجودہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔