وزیراعظم کی عالمی انجینئرنگ کمپنی سمنز کو پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش ، بھرپور تعاون ،سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی

 
0
263

ڈیووس،جنوری 24 (ٹی این ایس):وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سمنز کو پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس حوالے سے ان کیساتھ مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کریگی، پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ اور توانائی کے شعبوں میں ترقی سے بڑے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات سمنز اے جی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جو کیسر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور اعلیٰ حکومتی حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ایڈوانس سٹڈیز، الیکٹریکل انجینئرنگ، سسمک ڈیٹا پروسیسنگ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں نوجوانوں کی تربیت کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے سمنز اے جی کی توانائی کی پیداوار اور تقسیم کے شعبہ میں طویل رفاقت کو سراہتے ہوئے سمنز کے سی ای او کو پیشکش کی کہ وہ پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر قائم کریں، حکومت پاکستان اس حوالہ سے ان کے ساتھ مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ اور توانائی کے شعبوں میں ترقی سے بڑے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے سمنز کمپنی کو پاکستان میں توانائی کی پیداوار و ترسیل اور گیس ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں مزید شفافیت لانے کیلئے اس نظام کو جدید بنانے کے شعبہ میں کام کرنے کی بھی پیشکش کی ۔ اس موقع پر سی ای او سمنز نے کہا کہ وہ مربوط ٹیکنالوجی، تربیت، انسانی وسائل کی ترقی، گیس اور توانائی کے شعبہ میں مالیاتی حل، صحت و تعلیم کے شعبہ میں اپنی موجودگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تیار ہیں۔ سمنز اے جی الیکٹریکل انجینئرنگ اور الیکٹرونکس کے شعبہ میں ایک گلوبل پاور ہاؤس کی حیثیت رکھتی ہے جو کہ پاکستان کے ساتھ 1973ء سے تعاون کر رہی ہے۔ سمنز اے جی اس وقت 1263 میگاواٹ جھنگ پاور پلانٹ کیلئے مشینری اور آلات فراہم کر رہی ہے اور حال ہی میں یہ کمپنی جامشورو کول ٹربائن کنٹریکٹ میں کامیاب قرار پائی ہے۔