آج قلم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کی تعیلم بھی ضروری ہو گئی ہے ٗ ہمارا نصاب رٹے پر مبنی ہے ٗوزیر داخلہ

 
0
401

اسلام آباد جنوری 25(ٹی این ایس)وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج قلم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کی تعیلم بھی ضروری ہو گئی ہے ٗ ہمارا نصاب رٹے پر مبنی ہے، ہم نے طلباء کو سمجھانا ہے، ہم پہلے اردو میڈیم اور انگریزی میڈیم میں پھنسے ہوئے تھے، اب کمپیوٹر اور بغیر کمپیوٹر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جمعرات کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں نیشنل اسسمنٹ سسٹم کے تحت پانچویں نیشنل سٹیک ہولڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے تعلیم کے حوالے پہلے تعلیمی اسسمنٹ کے حوالے سے خاص توجہ نہیں دی ٗ جدید دنیا میں سیکھنے کے انداز بدل چکے ہیں، سلیٹ اور تختی کی جگہ 4 جی ٹیکنالوجی آ گئی ہے۔ آج قلم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کی تعیلم بھی ضروری ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کمپیوٹر کی دنیا اور سائنٹیفک لیٹریچر پیدا کرنے میں بہت پیچھے ہیں، ہمارا نصاب رٹے پر مبنی ہے، ہم نے طلباء کو سمجھانا ہے، ہم پہلے اردو میڈیم اور انگریزی میڈیم میں پھنسے ہوئے تھے، اب کمپیوٹر اور بغیر کمپیوٹر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کہا جاتا ہے کہ ہم تعلیم پر خرچ نہیں کر رہے میں ان لوگوں سے اتفاق نہیں کرتا، حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے تعلیم پر پوری توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کوئی بھی پرائیویٹ سکول ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کو حکومت سے زیادہ تنخواہ نہیں دے رہے، پرائمری سکول ٹیچر کی اوسط تنخواہ بھی پرائیویٹ سکول کے ٹیچروں سے دو اور تین گنا ہے لیکن کارکردگی میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی زمانے میں سکول انسپیکشن، مانیٹرنگ، اسسمنٹ اور احتساب کا نظام تھا اب وہ کمزور ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کی دنیا میں 100فیصد نتیجے کی اس وقت تک کوئی اہمیت نہیں جب تک پاس ہونے والے طلباء کا معیار بہترین نہ ہو، اب اے پلس ، اے اور بی گریڈ کی اہمیت ہے کیونکہ ان کا مستقبل ہے، ہمیں درجہ بندی کرنا ہوگی اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت سائنس کی تعلیم پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اس سلسلہ میں پلاننگ کمیشن بھی بھرپور معاونت فراہم کررہا ہے، ہمیں دنیا سے مقابلہ کرنا ہے اور تعلیم کے میدان میں اپنا موازنہ دنیا کے ساتھ کرنا ہے، بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیم کی وزارت کو نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ انجینئربلیغ الرحمن کی قیادت میں وزارت نے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں جن سے تعلیم کا معیار بہتر ہو گا اور پاکستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبوں کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردارادا کرنے کی ضرورت ہے۔