پاسداران انقلاب پانچ ماہ سے خاموش ،ہراساں بھی نہیں کررہے ، امریکہ

 
0
350

واشنگٹن،جنوری 26(ٹی این ایس)امریکی عسکری حکام نے کہاہے کہ ایرانی ’فاسٹ بوٹس(تیز رفتار) کشتیوں نے پانچ ماہ سے خلیج فارس میں امریکی بحری بیڑے کو ہراساں کرنا بند کر دیا ہے۔امریکی اخبار کے مطابق امریکی عسکری حکام نے کہاکہ یرانی تیز رفتار کشتیاں گذشتہ دو سالوں سے تیزی سے امریکی بحری جہاز کی جانب آتی تھیں۔امریکی عسکری حکام کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے لیکن ان کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ایسا کرنا کیوں بند کر دیا گیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایرانیوں نے ایسا کرنا اس لیے بند کر دیا ہے کیونکہ ہم نے ان کو پیغام بھجوایا تھا کہ ہم تیار ہیں اور یہ ناقابل برداشت ہے اور پیشہ وارانہ فوجیں اس طرح نہیں کرتیں۔ایران کی تیز رفتار کشتیاں عمومی طور پر .50 کیلیبر مشین گن اور راکٹ لانچرز سے لیس ہوتی ہیں۔ گذشتہ دو سالوں میں یہ کشتیاں امریکی بحری جہازوں کے بہت قریب آ گئی تھیں۔ اور ایرانی تیز رفتار کشتیوں کا ایسا کرنا عام بات ہو گئی تھی۔

امریکی حکام کا کہناتھا کہ چند موقعوں پر ایرانی کشتیوں کے عملے نے بحری جہاز اور جہازوں پر سپاٹ لائٹ ڈالی جس سے جہاز کے پائلٹ کو دیکھنے میں دقت ہوئی۔حکام کا کہنا تھا کہ ایک اور موقعے پر ایرانی کشتی کے عملے نے امریکی ہیلی کاپٹر کی جانب مشین گن کا رخ کیا۔ حکام نے مزید کہا کہ ایک موقعے پر امریکی بحری جہاز نے ایرانی کشتی کو روکنے کے لیے وارننگ فائر کیے۔ امریکی عسکری حکام نے بتایا کہ جنوری 2016 سے ہر ماہ ‘غیر محفوظ اور غیر پیشہ وارانہ’ حرکت کے دو واقعات ہوتے آ رہے ہیں اور گذشتہ دو سالوں میں مجموعی طور پر 50 واقعات ہو چکے ہیں۔تاہم اگست 2017 سے اب تک اس قسم کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔امریکی عسکری حکام نے بتایا کہ اگرچہ اس قسم کے واقعات تو پیش نہیں آ رہے لیکن ایرانی افواج امریکی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔