ایران پر پابندیاں سخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اسپیکر ایوان نمائندگان

 
0
348

ابوظہبی جنوری 26(ٹی این ایس)امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نے کہاہے کہ ان کا ملک ایران کے میزائل پروگرام اور اس کی خارجہ پالیسی کے سبب تہران پر پابندیاں سخت کرنے کے واسطے یورپی یونین سے سے بات چیت کر رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ابوظبی میں ایک کانفرنس کے دوران رائن کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امریکا کے بنیادی حلیفوں مثلا امارات اور سعودی عرب کے خلاف اپنا رسوخ وسیع کرنے کی کوشش میں ہے اور اس پر پابندیوں کے ذریعے روک لگانا چاہیے۔امریکا اور عالمی طاقتوں نے 2015 میں طے پائے گئے جوہری معاہدے کے تحت ایران پر پابندیوں میں نرمی کی تھی تاہم واشنگٹن نے تہران پر اس کے طویل المیعاد میزائل پروگرام کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کر دیں۔رائن نے واضح کیا کہ یورپی یونین کو چاہیّے کہ وہ ایران پر پابندیوں کے حوالے سے واشنگٹن کی پیروی کرے۔ رائن کا مزید کہنا تھا کہ ان کے میزائل تجربات سے متعلق خلاف ورزیوں اور خطّے میں کارستانیوں کو دیکھیے، شام اور یمن میں وہ کیا کر رہے ہیں اس کو بھی دیکھیے۔امریکی عہدے دار کے مطابق اقتصادی جانب مزید کارروائی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے ذرائع ہیں جن کو ہم اپنے حلیفوں کے ساتھ مل کر کام میں لا سکتے ہیں اور ایران پر پابندیاں سخت کرنے کے حوالے سے ہم یورپ کو شرکت پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔